بلوچستان کے بالائی علاقوں چمن، قلعہ عبداللّٰہ، زیارت اور پاک افغان سرحدی پٹی میں شدید سردی کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو چکا ہے، جبکہ کئی مقامات پر زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔
گلگت بلتستان کے علاقے استور میں شدید برف باری کے بعد بند ہونے والی سڑکیں تاحال بحال نہیں ہو سکیں۔ سوات کے بالائی علاقوں میں بھی بند سڑکوں کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 جبکہ مری میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے متعدد حصے بند کر دیے گئے ہیں، جن میں ایم ون، ایم ٹو، ایم تھری اور ہزارہ ایکسپریس وے کے مختلف سیکشن شامل ہیں۔
کراچی میں سردی کی شدت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں تک سردی کی لہر برقرار رہے گی، جبکہ دن کے وقت موسم خشک اور رات کے وقت سرد رہنے کا امکان ہے۔







