لاہور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیاں قومی خودمختاری کے منافی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ بیرونی طاقتوں کے سامنے جھکنے کو اپنی کامیابی سمجھتا ہے، حالانکہ اس طرز عمل سے پاکستان کی عزت اور وقار کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ شیطان کا پجاری ہے جس نے دنیا کا امن تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے حکمران ٹرمپ اور دیگر عالمی طاقتوں کو زمینی خدا سمجھ بیٹھے ہیں اور ان کے سامنے سر جھکائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نے ٹرمپ کے پیس بورڈ میں شرکت کر کے شرمناک کردار ادا کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کے مطابق ٹرمپ اسرائیل کے مفادات کا راگ الاپ رہا تھا جبکہ شہباز شریف نے اسے امن کا انعام دینے کی بات کی، جو پاکستانی عوام کے جذبات کے برعکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ کو عملی طور پر شکست ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایران اس مشکل مرحلے سے نکلے گا تو وہ اتحاد امت کا داعی بن کر ابھرے گا اور مسلم دنیا کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاس اب دنیا کو بتانے کے لیے کچھ نہیں رہا اور وہ روزانہ اربوں روپے کا اپنا ہی نقصان کر رہا ہے۔ ان کے مطابق عالمی طاقتیں اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے سیاسی اور معاشی بحرانوں کا شکار ہو رہی ہیں۔
انہوں نے پاکستانی سیاسی جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی نے امریکہ اور اسرائیل کی مذمت تک نہیں کی، جو انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل کے صیہونی عناصر نے امریکہ پر قبضہ کر رکھا ہے اور عالمی سیاست کو اپنے مفادات کے مطابق چلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کو متحد ہو کر ان قوتوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے تاکہ خطے میں امن اور انصاف قائم ہو سکے۔







