عظمیٰ بخاری نے بسنت کی کامیاب اور محفوظ تقریبات پر لاہور، پاکستان اور اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے شہری محفوظ بسنت منانے اور زندگی کے رنگ بھرپور انداز میں انجوائے کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے غیرملکی مہمانوں اور سفیروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا، برطانیہ اور مشرق وسطیٰ سمیت مختلف ممالک سے لوگ لاہور بسنت منانے آئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور خوشیوں سے بھرپور ملک ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور سمیت پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری

صوبائی وزیرِاطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سمیت پورے پاکستان کے عوام کے دل جیت لیے ہیں اور ان کی قیادت میں بسنت کو ایک محفوظ، منظم اور یادگار تہوار کے طور پر منایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمداللہ بسنت کامیاب اور محفوظ ترین انداز میں منائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بسنت کا مقررہ وقت ختم ہو چکا ہے اور اب پتنگ اڑانے کی اجازت نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے والدین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، کیونکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتِ پنجاب کا ’کنیکٹڈ پنجاب پروگرام‘، ورلڈ بینک فنڈ کرے گا: مریم نواز

وزیرِاطلاعات پنجاب نے کہا کہ شہریوں نے حکومتی ایس او پیز اور ہدایات پر بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

انہوں نے بسنت کو محفوظ بنانے میں پولیس، ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے دن رات محنت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستانی عوام نے نفرت، انتشار اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور ترقی، خوشحالی اور امن کو ووٹ اور سپورٹ دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو کمزور کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، جب کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور خوشیوں کی طرف لوٹ آیا ہے۔