افتتاحی تقریب میں فیتہ کاٹنے کی رسم ادا کی گئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے پنجاب حکومت کے ماحولیاتی اقدامات پر مبنی ڈاکومنٹری دیکھی۔

جاسنڈا آرڈرن، جنہیں کاپ 30 میں پیسفک ممالک کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا ہے، نے پنجاب حکومت کے ماحول دوست اقدامات اور آلودگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور جاسنڈا آرڈرن کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ ان کی حکومت ماحولیات کے تحفظ، شجر کاری اور صاف توانائی کے فروغ کے لیے جرأت مندانہ اقدامات کر رہی ہے۔

جاسنڈا آرڈرن نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپ نے مختصر عرصے میں ماحولیاتی بہتری کے لیے قابلِ تقلید اقدامات کیے ہیں۔

مزید پڑھیں:  اگرافغان حکومت ٹی ٹی پی کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کے لیے تیار ہے، شہباز شریف

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھی جاسنڈا آرڈرن کی بطور وزیراعظم نیوزی لینڈ عوامی خدمت اور قائدانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

واضح   رہے  کہ تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر رانا سکندر اور ذیشان رفیق بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔