لاہور میں پاکستان میں تعینات پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے تعلقات دوستانہ بنیادوں پر قائم ہیں، جنہیں معاشی شراکت داری اور عوامی روابط کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، سیاحت، ثقافت، تعلیم اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پرتگالی سفیر کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے لیے بے پناہ مواقع رکھتا ہے، جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مختلف شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں، پرتگالی کمپنیوں کو پنجاب میں کاروبار شروع کرنے اور سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان فارماسیوٹیکل، توانائی، آبی وسائل، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ڈیجیٹل منصوبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط کاروباری روابط خطے میں معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران پاکستان پرتگال بزنس فورم کے قیام کی تجویز پر بھی گفتگو ہوئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعتکاروں کے درمیان رابطوں کو بڑھانا اور مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو فروغ دینا ہے۔
دونوں فریقوں نے لاہور اور پرتگال کے دارالحکومت لزبن کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی روابط بڑھانے کے لیے سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس حوالے سے ثقافتی وفود کے تبادلوں، طلبہ کے روابط اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کسی بھی دو ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان اور پرتگال کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے سے دونوں ممالک مزید قریب آ سکتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو پسند کرتی ہے، جبکہ پرتگالی ثقافت، زبان، ورثے اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دے سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں
اس موقع پر پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے لاہور کی ثقافت، کھانوں اور اہلِ لاہور کی مہمان نوازی کو سراہا، پاکستان کے سفارتی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں اہم ہیں۔
پرتگالی سفیر نے پنجاب حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات، خصوصاً پہلے سرکاری کینسر اسپتال کے قیام کے منصوبے کو سراہا اور وزیراعلیٰ مریم نواز کو مبارکباد پیش کی۔
پالو ڈومینگوز نے یقین دہانی کرائی کہ پرتگال پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا، وزیراعلیٰ پنجاب کو پرتگال کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور ثقافتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔







