اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی بار صفائی کے لیے ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز متعارف کرائی جارہی ہیں، جب کہ کوڑے کو قابلِ استعمال بنانے کے لیے ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ پنجاب روایتی جھاڑو کے نظام کو ختم کرکے مکمل طور پر میکنیکل سوئپرز پر منتقل ہوگا۔ پنجاب میں اب سڑکوں اور کمرشل ایریاز میں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ہر خلاف ورزی پر جرمانہ، جب کہ 15 دن بعد قانون کے شکنجے میں لانے کی بھی منظوری دی گئی۔
تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں اتوار کے روز بھی صفائی کے عملے کی ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ستھرا پنجاب کے تحت ہر یونین کونسل میں صفائی کے ہیروز کی تعداد بڑھانے کی منظوری دی گئی، جب کہ تجویز زیر غور ہے کہ ہر دو یونین کونسلز کے لیے ایک ٹریکٹر فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کوڑے دان اور کنٹینرز کے لیے باقاعدہ ویسٹ انکلوژرز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ صفائی کا نظام جدید اور منظم بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایات دیں کہ ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ کا تفصیلی پلان وسطِ جنوری تک پیش کیا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادائیگیوں اور تنخواہوں کے سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، جب کہ وہیکل ٹریکنگ سسٹم اور لائیو کنٹینر مانیٹرنگ بھی فعال ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان سے ملاقات رکوانا غیر آئینی ہوگا، کےپی میں صورتحال تشویشناک ہے: سلمان اکرم راجہ
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ شہروں کے ساتھ دیہات میں بھی جامع صفائی کا نظام برسوں پہلے ہونا چاہیے تھا۔ ہم نے صفر سے آغاز کیا اور وقت کے ساتھ ستھرا پنجاب میں بہتری لا رہے ہیں۔ عوام کا مثبت فیڈ بیک ہمارے لیے حوصلہ افزائی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ویسٹ ٹو ویلیو کے تحت پنجاب میں کوڑے سے انرجی اور آمدنی پیدا کرنے کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب کا یہ نیا ماڈل شہریوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کا عملی ثبوت ہے اور پنجاب جدت کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔







