ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اس اجلاس کی صدرات کر رہے ہیں، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔
خیال رہے پاکستان اس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کروانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس بات کی بھی تصدیق ہو چکی ہے کہ امریکہ کا 15 نکاتی مجوزہ امن منصوبہ اسلام آباد کے ذریعے تہران بھیجا گیا تھا۔
اجلاس شروع ہونے سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کی اسلام آباد میں ملاقاتیں ہوئی ہیں، جن میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، مذہبی ہم آہنگی اور علاقائی و عالمی امور میں تعاون پر مبنی ہیں۔
Deputy PM/FM Ishaq Dar @MIshaqDar50 met Türkiye FM Hakan Fidan @HakanFidan in Islamabad. Both leaders reaffirmed strong Pakistan–Türkiye ties, discussed regional developments incl. Iran, and stressed dialogue, de-escalation, diplomacy & coordination for peace and stability. pic.twitter.com/oAsQ0Tk5O8
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) March 29, 2026
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا اور حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں، خصوصاً نومبر 2025 میں ہونے والے دورے کے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مشترکہ وزارتی کمیشن اور کاروباری روابط کو فعال بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے ہیپاٹائٹس سی کے خلاف اقدامات میں مصر کے تعاون کو سراہا۔
دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں بھی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ تربیتی تبادلوں اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کا حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی، اور انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے کردار کو سراہا۔
دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور او آئی سی جیسے فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
بعد ازاں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان بھی دفتر خارجہ پہنچے، جہاں اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملاقاتیں حالیہ سفارتی روابط کا تسلسل ہیں اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے فعال کردار کی عکاسی کرتی ہیں۔







