کامران ٹیسوری نے نو نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی کو ٹیلیفون کر کے انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں شروع کیے گئے تمام اقدامات اور منصوبوں کو جاری رکھنے کے لیے وہ ہر ممکن تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی نیک تمنائیں نہال ہاشمی کے ساتھ ہیں اور جہاں ضرورت پڑی وہ ساتھ دیں گے۔
کامران ٹیسوری نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دریں اثنا کامران ٹیسوری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی ٹیلی فون کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تقریباً ساڑھے تین سال کے دوران دونوں کے درمیان اچھے تعلقات رہے اور مل کر کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عہدے آتے جاتے رہتے ہیں، تاہم وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دیا گیا احترام ہمیشہ یاد رہے گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کوئی بھی ساری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا، میں گونگا بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھا نہ رہنا چاہتا ہوں۔ کہہ سکتا ہوں کس نے ہٹوایا لیکن کہوں گا نہیں۔ کامران ٹیسوری نے کہا ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، یہ خبر سن کر کہیں دبک نہیں گیا میڈیا کا سامنا… pic.twitter.com/yPAfcJUbKA
— Times of Karachi (@TOKCityOfLights) March 12, 2026
اس سے قبل نہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ نامزدگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ کوئی بھی شخص ہمیشہ کسی منصب پر نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ گورنر ہاؤس آئے تھے تو انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کام کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ بتا سکتے ہیں کہ انہیں کس نے ہٹایا، مگر وہ اس بارے میں بات نہیں کریں گے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ یہ خبر سن کر میں کہیں چھپ نہیں گیا بلکہ میڈیا کا سامنا کیا۔ اگر گل پلازہ کے معاملے پر آواز اٹھانے کی سزا دی جا رہی ہے تو دے دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں شروع کیے گئے منصوبے جاری رہنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ان کا گھر سب کے لیے حاضر ہے اور آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے 50 ہزار بچوں کے مستقبل کے بارے میں نئے گورنر بہتر طور پر آگاہ ہوں گے۔






