سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مظاہرین کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے، مظاہرین کے لیے افطار کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہر مسلمان دکھی اور اشکبار ہے، تاہم اپنے ملک اور شہروں میں امن و امان قائم رکھنا ہم سب کا اولین فرض ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری کی پاسداری کی جائے اور دکھ کی اس گھڑی میں سب متحد رہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت اور افسوسناک واقعات پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام اس مشکل گھڑی میں ایران اور تمام سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑے ہیں۔
انہوں نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے قریب پیش آنے والے ایک نہایت افسوسناک واقعے پر بھی شدید رنج کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر معصوم جانوں کا ضیاع ہوا۔
مزید پڑھیں: خامنہ ای کی شہادت صرف ایران نہیں پوری امت مسلمہ کا نقصان ہے، حافظ نعیم الرحمان
وزیرِاعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ حقائق سامنے لانے کے لیے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل اور کشیدہ ماحول سے گزر رہا ہے اور امن و امان کو خراب کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت تحمل اور ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے۔ حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ممتاز مذہبی رہنماؤں سے رابطہ کیا، جن میں علامہ شہنشاہ نقوی، علامہ شبیر میثمی اور دیگر شامل ہیں اور ان سے درخواست کی کہ وہ عوامی جذبات کو پُرسکون رکھنے اور لوگوں کو صبر و امن کی تلقین کرنے میں کردار ادا کریں۔
مذہبی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ اجتماعات اور مذہبی تقریبات پُرامن اور منظم انداز میں منعقد ہوں گی۔ اس یقین دہانی کی بنیاد پر انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کو مکمل سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام سے بھی ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کی اپیل کی اور زور دیا کہ امن و امان کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
امریکی قونصل خانے کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دہرایا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکنا رہیں اور شہر بھر میں امن برقرار رکھیں۔ عوام کی سلامتی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ سید مراد علی شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کے قیام میں حکومت سے تعاون کریں۔







