پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جب کہ حادثے کی درست تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے تاحال ہیلی کاپٹر میں سوار اہلکاروں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔