ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نیو ایئر نائٹ کے موقع پر صوبے بھر میں 419 انسپکٹرز، 1267 سب انسپکٹرز، 2189 اے ایس آئیز، 1408 ہیڈ کانسٹیبلز اور 16977 کانسٹیبلز سمیت مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ترجمان کے مطابق لاہور میں پانچ ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جب کہ لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں سیف سٹی کیمروں اور دیگر سی سی ٹی وی سسٹمز کے ذریعے براہِ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔

ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہلڑ بازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ خواتین اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے افراد کو فوری طور پر حوالات منتقل کیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب نے ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو فورس، ایلیٹ فورس اور پی ایچ پی کی ٹیمیں شاہراہوں اور حساس مقامات پر پٹرولنگ مزید بڑھائیں۔

انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ لاہور سمیت صوبے کے تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں اور گزشتہ سال ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ریکارڈ یافتہ افراد سے ضمانتی مچلکے حاصل کیے جائیں۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کا حکم دیا ہے، جب کہ سی ٹی او لاہور اور تمام ٹریفک افسران کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ون ویلنگ، اسلحہ کی نمائش یا ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔