پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن شق وار بحث کرے، بغیر پڑھے بل پر تبصرے کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اپوزیشن شور و غل پچھلے دس بارہ سال سے کر رہی ہے۔

وانا کیڈٹ کالج پر دہشتگرد حملے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاک فوج نے 500 سے زائد طلبہ کو بازیاب کیا، یہ ایک تاریخی آپریشن تھا۔ اگر کوئی بڑا نقصان ہو جاتا تو یہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے حادثے سے دس گنا زیادہ تباہ کن ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان نے اپنے سے چار گنا بڑے دشمن کو شکست دی، دشمن مورچے چھوڑ کر بھاگ گیا، یہ پراکسی وار ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے وانا کیڈٹ کالج پر حملہ آور تمام خوارج کو ہلاک کر کے تعلیمی ادارے کو مکمل کلیئر کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالج میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، فرنٹیئر کور نے آپریشن کی خود نگرانی کی۔

مزید پڑھیں: خوارج کی ایک اور بزدلانہ کارروائی، سوات میں اے این پی رہنما ممتاز خان کی گاڑی کے قریب دھماکا

ذرائع نے بتایا کہ تین خوارج جو ایڈمن بلاک تک پہنچ گئے تھے، انہیں ایک بلاک میں محدود کر کے ہلاک کیا گیا۔ کالج کے ملحقہ علاقوں میں بھی تلاش اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ ساتھی یا ہینڈلر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔