پارٹی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے فیصلے سے متعلق پاکستان کی وفاقی حکومت نے اتحادی جماعت کو پیشگی آگاہ نہیں کیا، جو اتحادی سیاست کے اصولوں کے برعکس ہے۔ ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کو اس فیصلے کا علم ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہوا، جس پر پارٹی کے اندر مشاورت جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس معاملے پر جلد اپنا باضابطہ لائحہ عمل طے کرے گی اور پارٹی قیادت موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے،اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں کے درمیان اہم فیصلوں سے قبل باہمی مشاورت ضروری ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے موجودہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ہٹا کر ان کی جگہ نہال ہاشمی کو گورنر سندھ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سمری منظوری کے لیے صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کے بعد اس فیصلے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: نہال ہاشمی گورنر سندھ مقرر، وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد
واضع رہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے فیصلے نے صوبے کی سیاسی فضا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، آنے والے دنوں میں اس معاملے پر سیاسی سرگرمیاں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔







