ایف ڈی ای کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق اسلام آباد میں اس کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام تعلیمی ادارے پیر سے جمعرات تک آن کیمپس تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے، جب کہ جمعہ کے روز تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گا۔ اعلامیے کے مطابق یہ اقدام حکومت کی کفایت شعاری اور ایندھن کے تحفظ سے متعلق پالیسی کے تسلسل میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد توانائی کے استعمال میں کمی اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔

دستاویز کے مطابق یہ ہدایات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای کی منظوری سے جاری کی گئی ہیں اور ان کا اطلاق اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں میں قائم ماڈل کالجز، اسکولوں اور ایکس-ایف جی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

ایف ڈی ای نے تمام ایریا ایجوکیشن آفیسرز اور اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔