پاکستان میٹرز کے نامہ نگار اظہر تھراج کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 129 میں آج انتخابی سرگرمیوں کے برعکس پولنگ سٹیشنز پر سناٹا چھایا رہا۔ صبح سویرے سے صورتحال یہی رہی کہ ہر امیدوار اپنے کیمپوں میں خالی کرسیاں اور پریشان چہروں کو دیکھتا رہا جبکہ ووٹرز کے قدم پولنگ اسٹیشنز کا رُخ کم ہی کرتے دکھائی دیے۔

مزید یہ کہ اس نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ محمد نعمان، آزاد امیدوار بجاش خان نیازی اور ارسلان احمد کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے لیکن ووٹر ٹرن آؤٹ نہ ہونے کے باعث مقابلہ اب ایسے لگ رہا ہے جیسے میدان بھی سجا ہو مگر کھلاڑی خود حیران کھڑے ہوں۔

حلقے میں مجموعی طور پر 334 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے 70 مشترکہ مرد و خواتین پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ تاہم انتظامات پختہ ہونے کے باوجود ووٹرز کی عدم دلچسپی نے انتخابی ماحول کی رونق پھیکی کر دی۔

واضح رہے کہ این اے 129 کی نشست میاں اظہر کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی اور ان کی جگہ کون لے گا، اس کا فیصلہ آج انہی سنسان پولنگ اسٹیشنوں کی بیلٹ باکسز کریں گے۔

انتخابی تجزیہ کار اس غیر معمولی صورتحال کو ووٹرز کے بڑھتے ہوئے سیاسی بے اعتمادی کے ساتھ جوڑ رہے ہیں، جبکہ امیدوار اب تک امید لگائے بیٹھے ہیں کہ شاید آخری گھنٹوں میں حیران کن ٹرن آؤٹ منظر بدل دے۔