ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ پنجاب کی گورنر بلوچستان کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات شیڈول ہے، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبے کے اہم سیاسی اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

دورے کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز حالیہ دہشت گردانہ حملوں میں متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کریں گی اور انہیں ہمدردی اور تعاون کا یقین دلائیں گی۔ اس کے علاوہ، ان کی ملاقات وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے بھی متوقع ہے، جس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

مزید پڑھیں: حکومتِ پنجاب کا ’کنیکٹڈ پنجاب پروگرام‘، ورلڈ بینک فنڈ کرے گا: مریم نواز

سیکورٹی ذرائع کے مطابق دورے کے دوران تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا دورہ بلا رکاوٹ اور مکمل حفاظت کے ساتھ مکمل ہو۔ بلوچستان میں موجودہ حالات کے پیش نظر سرکاری اور سکیورٹی اہلکار ہر سطح پر تیار ہیں۔

یہ دورہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب بلوچستان میں امن و امان کے مسائل، دہشت گردانہ حملوں اور سیاسی استحکام کے موضوعات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ مریم نواز کے اس دورے کو سیاسی اور سماجی حلقوں میں اہم اور مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ دورہ صوبے کے عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے مضبوط پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔