وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دونوں وزرائے خارجہ کو پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ ایران سمیت متعدد برادر مسلم ممالک میں جاری کشیدگی کے نتیجے میں انسانی جانوں، معیشت اور املاک کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کشیدگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

وزیرِ اعظم نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری صورتحال پر اپنے اپنے ملک کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اس مشکل وقت میں وزیرِ اعظم، نائب وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔