وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وفد کا حصہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں آسٹریا کے چانسلر سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ دونوں رہنما سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے معروف کاروباری شخصیات کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
وزیراعظم آسٹریا بزنس فورم میں شرکت اور خطاب کریں گے، جبکہ ویانا میں اقوامِ متحدہ کے تحت منعقدہ ’پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ‘ کے موضوع پر خصوصی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ سرکاری دورہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور سرمایہ کاری، سلامتی اور عالمی تعاون کے شعبوں میں روابط کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔







