سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق، محسن نقوی نے اسٹیڈیم میں جاری پاکستان بمقابلہ سری لنکا میچ کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ مہمان ٹیم کی فول پروف سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جب کہ پاکستان میں امن و استحکام کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے فروغ پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کھیل سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے اور ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومتی سرپرستی جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ یہ دورہ ایسے موقع پر کیا گیا جب اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے ہیں۔