سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے، جاری عالمی بحرانوں اور جنگی صورتحال کے باعث ایندھن کی قیمتوں پر دباؤ ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بوجھ کو کم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ماہانہ بنیادوں پر ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ رجسٹرڈ گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے 70 ہزار روپے، بڑی گاڑیوں کے لیے 80 ہزار روپے، جب کہ پبلک سروس بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے تک سبسڈی دی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور جاری عالمی بحرانوں اور جنگی صورتحال کے باعث ایندھن کی قیمتوں پر دباؤ ناگزیر ہے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 3, 2026
اس بوجھ کو کم کرنے کے لیے ماہانہ ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے: رجسٹرڈ گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے 70,000 روپے، بڑی گاڑیوں کے لیے 80,000 روپے، اور پبلک سروس بسوں… https://t.co/fuEu9RM5pE
وزیراعلیٰ نے پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز، خصوصاً پنجاب کے ٹرانسپورٹرز سے پُرزور اپیل کی کہ وہ عوام کا ساتھ دیں اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ مسافروں اور صارفین پر منتقل نہ کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت صورتحال کی مسلسل نگرانی کرے گی اور مؤثر ریگولیشن کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ فراہم کردہ ریلیف حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز اور ان کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر ایک مؤثر طریقہ کار وضع کریں، تاکہ سبسڈی کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک منتقل ہو سکیں۔






