لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز کی درخواست پر میاں نواز شریف نے بٹن دبا کر پروگرام کا ڈیجیٹل آغاز کیا۔ افتتاحی مرحلے میں پنجاب کے 19 اضلاع کی 23 ہاؤسنگ اسکیموں میں شامل دو ہزار مستحق شہریوں کے لیے تین مرلہ پلاٹس کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی گئی۔
ضلع وار پلاٹ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں جہلم میں 730، قصور میں 388، فیصل آباد 257،لودھراں کے 219 ، اوکاڑہ 130، لیہ 55، بھکر 52، ساہیوال 33 اور سرگودھا کے 25 افراد پلاٹ کے حقدار بنے۔
اس کے علاوہ خوشاب 24، بہاولنگر 20، منڈی بہاءالدین17، راجن پور 15، اٹک میں ایک، گجرات 8 ، بہاولپو ر7، جھنگ، وہاڑی میں4 4 اور چنیوٹ کے دو درخواست دہندگان کو پلاٹ مل گئے۔
"ایک اور وعدے کی تکمیل…… ایک اور خواب کی حقیقت"
— PMLN (@pmln_org) November 26, 2025
🏠بے گھر لوگوں کے لئے پاکستان کا پہلا اور منفرد”اپنی زمین، اپناگھر“پروگرام
🏠پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ”اپنی زمین، اپنا گھر“پروگرام کی قرعہ اندازی کا آغاز کیا
🏠قائد محمد نواز… pic.twitter.com/nkLXYALA0b
وزیراعلیٰ مریم نواز نے قرعہ اندازی کے خوش نصیب درخواست دہندگان کو خود فون کر کے مبارک باد دی۔ تقریب کے دوران اٹک کی رخسانہ بی بی اور بہاولپور کی میرومائی سے نواز شریف اور مریم نواز نے گفتگو بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پلاٹ حاصل کرنے والے افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی واپسی 9 سال میں ماہانہ صرف 14 ہزار روپے قسط کے ذریعے ممکن ہوگی۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین نے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے نادرا فیلڈ اسٹاف کے ذریعے اسکروٹنی، تصدیق اور ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کی منظوری کا فول پروف نظام اپنایا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے لیے 1 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرائی، جب کہ پہلے مرحلے میں 18 ہزار 308 درخواست دہندگان کو قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار دیا گیا۔







