ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے صوبے بھر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔ خصوصاً سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و توسیع، نکاسیٔ آب کے بہتر نظام اور صاف پانی کی دستیابی جیسے منصوبوں کو عوامی سطح پر مثبت تبدیلی کا سبب قرار دیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 13 ہزار سے زائد سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور توسیع کا کام تیزی سے جاری ہے، جس سے نہ صرف آمد و رفت میں آسانی پیدا ہو رہی ہے بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ ارکان اسمبلی نے دیہی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو بھی سراہا۔
’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے تحت صفائی کے جدید نظام کے نفاذ کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے ارکان اسمبلی نے کہا کہ پہلی بار دیہات میں شہری طرز کی صفائی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے عوام کے معیار زندگی میں واضح بہتری آئی ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے اور حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے تحت 3 ہزار سے زائد بنیادی مراکز صحت کو جدید سہولیات سے آراستہ ’اسٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ کلینکس‘ میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کو مقامی سطح پر معیاری طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ صوبے میں جدید طبی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے، جس کے تحت پہلا سرکاری کینسر اسپتال اور نواز شریف میڈیکل سٹی جلد مکمل کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو مہنگے علاج سے بچانا اور صوبے میں علاج کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے پہلا سرکاری آٹزم اسکول بھی قائم کیا جا رہا ہے، جو ایسے بچوں اور ان کے والدین کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔ دل کے امراض کے مریضوں کے لیے سرگودھا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہر ضلع میں کیتھ لیب اور اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز کے قیام سے ہنگامی طبی سہولیات مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی اور لاہور کا کوئی مقابلہ نہیں، ہم کیلے کا سیب سے موازنہ نہیں کرتے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب
ملاقات میں عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جس کا مقصد بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ منصوبہ متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ بے زمین کسانوں کو معاشی خودمختاری حاصل ہو سکے۔
وزیراعلیٰ نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بس سروس کو دور دراز علاقوں تک توسیع دی جا رہی ہے، جس کے ذریعے عوام کو ماحول دوست، آرام دہ اور سستی سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ارکان اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومتی پالیسیوں کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ نے بھی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔







