محکمہ اطلاعات سندھ نے  سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ملاقات کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اکبر عیسیٰ زادہ کو سندھ میں بطور قونصل جنرل تعیناتی پر مبارک باد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے، جس کے ساتھ ہمارے تاریخی، ثقافتی اور روحانی تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اکبر عیسیٰ زادہ کے دورِ قونصلیٹ میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ایرانی قونصل جنرل نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت زراعت، لائیو اسٹاک اور فشریز کے شعبوں میں ایران کے ساتھ تکنیکی تعاون چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ وزراء کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات کرکے مشترکہ منصوبوں پر کام شروع کریں۔

اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل نے تجویز دی کہ کراچی میں پاکستان اور ایران کی مشترکہ ٹریڈ ایگزیبیشن منعقد کی جائے تاکہ کاروباری اداروں کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہو۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی تجارتی سرگرمیوں کا دل ہے، یہاں دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کو جوڑنا خطے کی معیشت کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ دو طرفہ تجارت کو 5 ارب روپے سے بڑھا کر 10 ارب روپے سالانہ تک پہنچایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے ثقافتی تعاون اور میڈیا کے ذریعے عوامی روابط کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ایرانی قونصل جنرل کی توجہ کراچی اور تہران کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کی بحالی کی جانب مبذول کرائی۔

انہوں نے کہا کہ براہِ راست فلائٹ سے زائرین اور کاروباری افراد کو بڑی سہولت ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ نجی ایئر لائنز کو بھی اس ضمن میں کردار ادا کرنے کے لیے کہا جائے گا۔

ایرانی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنے سفیر کی جانب سے تہران کے دورے کی دعوت دی، جسے مراد علی شاہ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ایران کا دورہ کریں گے تاکہ دو طرفہ تعاون کو عملی شکل دی جا سکے۔

مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت ایران کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، کیونکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تجارتی رشتے گہرے ہیں۔