ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کا سرکاری استقبال کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی ایک شاندار تاریخ ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
براہِ راست:ترکیہ کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کی مشترکہ میڈیا سے گفتگو https://t.co/DLgdbOdXmA
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) July 4, 2026
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان قلبی تعلق موجود ہے اور ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے بھرپور حمایت کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنگ ہو یا زلزلہ، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے قبرص کے معاملے پر ترکیہ کی مکمل حمایت کا ایک بار پھر اعادہ بھی کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور دونوں ممالک کے تعلقات کی موجودہ رفتار پر انہیں اطمینان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امن کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔






