پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر اسمبلی میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں کیا گیا جو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں مرکزی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور سمیت سینئر رہنماؤں سردار قمر زمان، چوہدری محمد ریاض اور سردار تنویر الیاس خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وادی کی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ پارٹی تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور خطے میں پیپلز پارٹی کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کے امور پر بھی غور کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع مطابق آزاد جموں و کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، وزیراعظم انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتمام لائی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے، مسلم لیگ ن نے کوئی فیصلہ کیا ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔ سنا ہے ن لیگ اپوزیشن میں بیٹھے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزاد جموں و کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔
مزید براں پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی حالات پر اپنی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، چوہدری محمد یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری لطیف اکبر، سردار جاوید ایوب، سردار محمد یعقوب خان اور دیگر اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
واضع رہے کہ اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی یا نئی حکومت کی تشکیل سے متعلق حتمی فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کریں گے۔ وہی اگلے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے امیدوار کی منظوری بھی دیں گے۔







