گفتگو کے دوران وزیراعظم نے چین میں منعقد ہونے والے ’ٹو سیشنز‘ کی کامیاب تکمیل پر چینی قیادت کو مبارکباد دی اور صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کے موقع پر تہنیتی پیغامات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی میں چین کے مستقل تعاون کو سراہتے ہوئے زراعت، صنعت اور انفراسٹرکچر کے ترجیحی منصوبوں کے ساتھ سی پیک 2.0 کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی معاشی بہتری اور اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کی اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے جاری اعلیٰ سطح روابط پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مزید روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔