افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے مختلف ممالک کے سربراہان، وزرائے اعظم اور دیگر عالمی رہنما بھی شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف ممالک کے رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ وزیراعظم نے روسی صدر ولادیمیر پوتن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے ملاقات کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیتھ، ٹوگو کے صدر فاؤرے گناسنگبے اور منگولیا کے صدر اوخناگین خورلسوخ سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں شریک پاکستانی دستے نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی اسٹیڈیم آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی دستے کا بھرپور استقبال کیا اور داد دی۔

پاکستانی کھلاڑی نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ ورلڈ نومیڈ گیمز ایک بین الاقوامی کھیلوں کا مقابلہ ہے جس میں وسطی ایشیا کی مختلف اقوام کے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

نومیڈ گیمز میں کشتی، گھڑ دوڑ، تیر اندازی، روایتی شکار اور مختلف ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔

چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ان کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔