وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا، جس میں اہم وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شامل ہیں، ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی کے شعبے میں تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کی اس وسیع تر سفارتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت خلیجی ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق اہم پیش رفت بھی سامنے آ سکتی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ کے قصرِ اسلام میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے
سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال، خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی۔ دونوں ممالک نے دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا
HRH the Crown Prince meets with Prime Minister of Pakistan. pic.twitter.com/9hka0VBEh8
— Foreign Ministry 🇸🇦 (@KSAmofaEN) April 15, 2026
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے حالیہ خلیجی دورے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب مشرق وسطیٰ میں سیاسی و عسکری صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اور پاکستان خطے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں جدہ ایئرپورٹ پر سعودی حکام اور پاکستانی سفارتی عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ اب قطر کا دورہ اس سفارتی سلسلے کی اگلی کڑی ہے، جس سے پاکستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔







