ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو جنگ بندی پر مبارکباد دی، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے باضابطہ آغاز سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ اس رابطے کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی مذاکراتی عمل کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جمعے کے روز متوقع مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت محمد باقر قالیباف کریں گے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی اسنا کے مطابق ان مذاکرات میں امریکی وفد کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے۔ تاہم ان ناموں کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس سے قبل ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے وفود کو اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، جسے ایک اہم سفارتی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔