سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ نیو ایئر نائٹ پر سوئٹزرلینڈ کے ایک اسکی ریزارٹ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم سوئس حکومت اور سوئٹزرلینڈ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ لگژری اسکی ریزورٹ قصبے کرانس مونتانا میں نئے سال کے موقع پر لوگوں سے بھرے ایک بار میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جان سے گئے، جب کہ کئی زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے کینٹن والیس کی پولیس نے بتایا کہ نئے سال کی تقریبات کے دوران سیاحوں میں مقبول ایک شراب خانے میں نامعلوم وجوہات کے باعث آگ لگ گئی۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ واقعے میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بڑے پیمانے پر ایمرجنسی آپریشن جاری ہے۔

بیان کے مطابق پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکاروں کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تاکہ متاثرین کو امداد فراہم کی جا سکے۔

علاقائی روزنامہ لے نوویلیست نے ذرائع کے حوالے سے بڑے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق تقریباً 40 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے، تاہم پولیس نے ہلاکتوں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی۔