وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان کے درمیان عید کی مبارک باد کا تبادلہ ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ترک صدر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارک باد پیش کی۔

بیان کے مطابق انتہائی گرمجوش گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر اردوان، ان کے اہلِ خانہ اور برادر ترک عوام کو عید کی دلی مبارک باد دی، جس کا صدر اردوان نے بھی پرتپاک جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر امتِ مسلمہ کے لیے امن، اتحاد اور خوش حالی کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی، خصوصاً ترکیے پر میزائل حملوں کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ان مشکل حالات میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ علاقائی صورتِ حال کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں، حکومت

اس موقع پر افغانستان کی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کے فروغ، بالخصوص عید کے ایام کے دوران حال ہی میں اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کے حوالے سے ترکیہ کے تعمیری کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے فروری 2025 میں صدر اردوان کے تاریخی دورۂ پاکستان اور اس کے بعد اپریل اور مئی 2025 میں اپنے دورۂ ترکیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔