ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام، سفارتی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو کی۔ چینی سفیر نے پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور رابطوں میں سہولت فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا، اور اس سلسلے میں چین کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان "ہر موسم کی اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری" خطے میں امن اور ترقی کے لیے نہایت اہم ہے،اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
Chinese Ambassador to Pakistan Jiang Zaidong called on Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 today.
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) April 21, 2026
Discussions focused on latest regional developments. Amb Zaidong conveyed China’s full support for and appreciation of Pakistan’s… pic.twitter.com/3HpLNmPFc3
ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں، بالخصوص معیشت، تجارت اور سفارتی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں مکالمہ، سفارتی روابط اور تعاون ہی مسائل کا واحد مؤثر حل ہیں،خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے میں جاری کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ ملک خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔







