سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مظابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ  فتنہ الہندوستان کے سرغنہ جمیل عرف ٹیٹک کے مارے جانے کی مصدقہ اطلاعات ہیں، دہشتگرد جمیل عرف ٹیٹک ضلع پنجگور کا رہائشی تھا۔


 دہشت گرد جمیل عرف ٹیٹک پنجگور اور بولیدہ سمیت متعدد علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھا، دہشتگرد جمیل 2022 میں پنجگور ہیڈکوارٹر پر حملے سمیت کئی دہشتگردانہ کارروائیاں میں بھی ملوث رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان نے سرحد پر ایک ہفتے تک جاری رہنے والی شدید اور خونریز جھڑپوں کے بعد قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق قطر کی وزارتِ خارجہ نے اتوار کی صبح اپنے بیان میں بتایا کہ دونوں ممالک نے جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پائیدار امن و استحکام کے لیے ایک عملی طریقۂ کار ترتیب دینے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان فالو اپ ملاقاتیں ہوں گی تاکہ جنگ بندی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کی مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جا سکے۔

اس سے قبل دونوں فریقین نے بتایا تھا کہ وہ ہفتے کے روز دوحہ میں امن مذاکرات کر رہے ہیں تاکہ سرحدی کشیدگی کے حل کے لیے راستہ نکالا جا سکے۔

یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہوئے جب جھڑپوں کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے تھے، جو 2021 میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سب سے سنگین تصادم قرار دیا جا رہا ہے۔

افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کی تھی کہ پاکستانی فریق کے ساتھ مذاکرات دوحہ میں ہو رہے ہیں، اور وزیرِ دفاع ملا محمد یعقوب کی سربراہی میں افغان وفد پہلے ہی قطر پہنچ چکا ہے۔