سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں صحافیوں کو مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہوئے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے دو اہم ممالک ہیں، جو دفاع سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ مستقبل کے لیے قریبی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کے دوران طے پانے والے سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں میں سے متعدد عملی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، جن کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر نمایاں طور پر ظاہر ہو رہے ہیں۔
سفیر احمد فاروق کے مطابق آئندہ ایک ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ٹیکسٹائل سمیت آٹھ مختلف شعبوں میں مزید معاہدے طے پانے جا رہے ہیں۔ ان معاہدوں کا مقصد سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، جو سالانہ 720 ملین ڈالر تک جا پہنچی ہیں، جبکہ خدمات کے شعبے میں پاکستانی برآمدات کا حجم 590 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ سال 2025 کے دوران پاکستان سے پانچ لاکھ پاکستانی ورکرز سعودی عرب آئے، جبکہ مجموعی طور پر سعودی عرب میں مقیم تقریباً 30 لاکھ پاکستانی بیرونِ ملک سے پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں 25 فیصد حصہ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانۂ پاکستان سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پوری دلجمعی اور فرض شناسی کے ساتھ کام کر رہا ہے، اور سفارت خانے کے تمام شعبے ہم وطنوں کی رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنانے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔







