سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو افغانستان کے معاملے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ جنگ کی باتیں اور نعرے لگانا راہِ صواب نہیں۔ حکومت محبت کی زبان کے ساتھ تمام مسائل مذاکراتی میز پر حل کرے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران پاکستان کے خلاف افغان زمین کے استعمال نہ ہونے کی بات لکھنے سے انکار کرکے افغانستان کی حکومت، بہت خراب پیغام دے رہی ہے۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ افغان حکومت سے دردمندی کے ساتھ کہنا چاہتے ہیں کہ انڈیا افغانستان سمیت کسی مسلمان کا دوست نہیں ہو سکتا۔ افغان حکومت کو پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم کرنے کو ترجیح دینی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی بات کو واضح کرنا خوش آئند ہے۔ افغان حکومت کو بھی پاکستان کے اس مطالبے کو تسلیم کرنے کا اعلان کرنا چاہیے۔