ہری پور میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے قوم کی دعاؤں کے ساتھ تاریخی فتح حاصل کی، جسے دہلی سے ممبئی تک کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دلیر اور غیور عوام کا صوبہ ہے، جہاں کے عوام کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہی قربانیوں کے باعث ملک میں امن قائم ہوا اور حکومت صوبے بھر میں مزید لیپ ٹاپ تقسیم کرے گی کیونکہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ معاشی ترقی جادو سے نہیں بلکہ محنت اور اتحاد سے ممکن ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ چکا ہے، معیشت منجدھار سے نکل کر استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے اور اب اسے مزید آگے لے کر جانا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی اتحاد سے جڑی ہے اور جب چاروں صوبے ترقی کریں گے تو ملک بھی ترقی کرے گا۔
مزید پڑھیں: انڈین میڈیا پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، عطاء اللہ تارڑ
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے ہری پور میں دانش اسکول کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ بچوں اور بچیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ دانش اسکول بنائے جائیں گے۔







