وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آسٹریا کے چانسلر نے وفاقی چانسلری میں آسٹریا اور پاکستان کی معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) کے فورم کی مشترکہ صدارت کی۔

سی ای اوز فورم میں جن کمپنیوں کی نمائندگی تھی، ان میں قابل تجدید توانائی، توانائی کی بچت، صنعتی پیداوار اور تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، آلاتِ جراحی، چمڑے اور کھیلوں کے سامان، صحت، سیاحت و مہمان نوازی اور خوراک و زرعی صنعتوں کے شعبے شامل تھے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے تجارت میں اضافے، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات اجاگر کیے۔

وزیر اعظم نے آسٹرین کاروباری اداروں اور کمپنیوں کو پاکستان میں خصوصاً ان ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی، جہاں دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے آسٹرین کمپنیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے اور رواں سال اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی بھی دعوت دی۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے پاکستان آسٹریا بزنس فورم سے خطاب کیا، جس کا اہتمام آسٹرین چیمبر آف کامرس نے کیا تھا۔