وزیراعظم نے ہائی کمشنر ٹم کین کو تعیناتی پر مبارکباد دی اور اس بات کا اظہار کیا کہ ان کی تقرری پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔

وزیراعظم نے 14 دسمبر 2025 کو بونڈائی بیچ، سڈنی میں دہشت گردانہ فائرنگ کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس بزدلانہ کارروائی کی مکمل مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عالمی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون، اور کان کنی و معدنیات میں آسٹریلوی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے ریکوڈک منصوبے کو اس شعبے میں پاکستان کی صلاحیت کی روشن مثال قرار دیا اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کی بھی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: انڈیا دریاؤں کے بہاؤ میں یکطرفہ مداخلت بند اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے، پاکستان

وزیراعظم نے کرکٹ سمیت ثقافتی روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے وہ ہائی کمشنر کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔

ٹم کین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔