میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ بات اب واضح ہو چکی ہے کہ انڈیا پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ کسی بھی واقعے کے فوراً بعد انڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت بیانیہ تشکیل دیا جاتا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، جس پر بین الاقوامی برادری کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ غیر مصدقہ اور جھوٹی خبریں چلانے سے پاکستان کی ساکھ کو جو نقصان پہنچتا ہے، اس کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ یونیورسٹی بھرتی اسکینڈل مزید سنگین، امتحانی شیٹس منظرِ عام پر آگئیں
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ بھی بتایا جانا چاہیے کہ پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کا ازالہ کیسے کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو باضابطہ طور پر معافی مانگنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ رہا ہے اور اس قربانی کو جھوٹے پروپیگنڈے سے متنازع بنانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی







