شہباز شریف نے آج واشنگٹن میں بورڈ آف پیس لیڈرز کے اجلاس کے موقع پر امریکا کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کے لیے بورڈ آف پیس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور موجودہ قیادت میں دوطرفہ شراکت داری کی مثبت پیش رفت اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے باہمی تجارت، اقتصادی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ ساتھ انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے فیلڈ مارشل عظیم شخصیت اور بہترین فائٹر ہیں، ٹرمپ
وزیراعظم نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ مشترکہ اہداف کے حصول اور علاقائی و عالمی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
مبصرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی روابط کا اہم حصہ ہے اور اس سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو تقویت ملے گی بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کی کوششوں میں بھی پیش رفت متوقع ہے۔







