جاری کردہ نوٹم کے مطابق، 28 اور 29 اکتوبر کو لاہور اور کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن میں انڈیا سے متصل مختلف فضائی راستوں کے درمیان فضائی حدود صبح چھ بجے سے نو بجے تک بند رہے گی۔
ایئرپورٹ اتھارٹی نے تمام کمرشل پروازوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ دو روز کے دوران تین گھنٹے تک فضائی حدود بند رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ہی انڈین طیاروں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 23 اپریل کوانڈیا نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے جواب میں 24 اپریل کو پاکستان نےانڈٖیا کے لیے اپنی فضائی حدود، زمینی سرحدوں سے آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے انڈین پروازوں پر پابندی میں متعدد بار توسیع کی، جن میں 23 مئی، 23 جون، 19 جولائی اور 20 اگست کو جاری ہونے والے نوٹمز شامل ہیں۔ آخری نوٹم کے مطابق، فضائی پابندی 23 ستمبر تک برقرار رکھی گئی تھی، جس میں اب مزید عارضی بندش شامل کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، تازہ اقدام فضائی سلامتی اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔







