یومِ آزادی کی 79ویں سالگرہ اور بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی 150ویں یومِ پیدائش کے سلسلے میں قومی نغمے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ایک نئی صبح کی دہلیز پر کھڑا ہے، جہاں امید، قومی یکجہتی اور ترقی کے نئے امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریب صرف قومی نغمے کی رونمائی نہیں بلکہ قوم میں اجتماعی شعور، فکری سمت اور ترقی کے عزم کو دوبارہ اجاگر کرنے کی ایک کوشش ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی فکری بنیادیں علامہ محمد اقبالؒ اور قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے افکار پر قائم ہیں۔ ان کے بقول علامہ اقبالؒ نے خودی، علم اور کردار کا درس دیا، جبکہ قائدِ اعظمؒ نے ان نظریات کو ایک آزاد، خودمختار اور جدید ریاست کی صورت میں عملی شکل دی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ضرور ہے، تاہم یہ تاثر درست نہیں کہ قومی نظام ناکام ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق دنیا میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے پیشِ نظر پاکستان بھی اپنے اداروں، نظامِ حکمرانی اور قومی ترجیحات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کے مسائل صرف منتخب نمائندے حل نہیں کر سکتے بلکہ نوجوانوں، ماہرین، نجی شعبے اور تمام ریاستی اداروں کو مل کر قومی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے عمل میں تسلسل، قومی اتفاقِ رائے اور اجتماعی ذمہ داری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض حلقوں نے 2022 میں پاکستان کے معاشی دیوالیہ ہونے کی پیش گوئیاں کی تھیں، مگر حکومتی اقدامات، عوامی تعاون اور قومی عزم کے باعث ملک نہ صرف مشکلات سے نکلا بلکہ دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی معاشی بحالی اور مثبت پیش رفت کا اعتراف کر رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ "اڑان پاکستان" حکومت کا جامع معاشی فریم ورک ہے، جس کا مقصد پاکستان کو اکیسویں صدی کی معیشت سے ہم آہنگ کرنا، ایک ٹریلین ڈالر معیشت کی بنیاد رکھنا، برآمدات میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کا فروغ، توانائی میں خود انحصاری، انسانی وسائل کی مہارتوں میں اضافہ اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے مختلف پروگراموں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے کیونکہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہی نہیں بلکہ اس کا حال بھی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ قومی نغمہ صرف ایک تخلیق نہیں بلکہ نوجوانوں میں خودی، خوداعتمادی، قومی جذبے اور تعمیرِ وطن کے عزم کو بیدار کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں، محنت اور علم کو اپنا شعار بنائیں اور پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔