ترجمان دفترِ خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان یمن میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے جاری تمام سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کسی بھی فریق کی جانب سے ایسے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے جو صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہوں۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ یکطرفہ فیصلے تنازع کو گہرا، امن کی کوششوں کو متاثر اور پورے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے یمن میں کشیدگی کم کرنے اور امن بحال رکھنے کے لیے علاقائی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ سعودی مملکت کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

پاکستان نے اس عزم کو دہرایا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

ترجمان کے مطابق یمن بحران کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری پر مبنی راستہ اپنایا جائے۔ امید ظاہر کی گئی کہ یمن کے فریقین اور علاقائی قوتیں مل کر جامع، پائیدار اور سیاسی حل کی جانب پیش قدمی کریں گی، کیونکہ یمن تنازع کا پائیدار حل خطے کے استحکام کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔