اطالوی وزیر داخلہ نے یہ پیش رفت اپنے پاکستانی ہم منصب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے روم میں ملاقات کے دوران کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے نہ صرف ورک ویزوں کے اجرا بلکہ داخلی سیکیورٹی تعاون، غیر قانونی ہجرت کے روک تھام کے اقدامات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی درخواست پر پاکستانی سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کو اٹلی کے لیے ویزا سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ میٹاؤ پیانٹڈوسی نے اس موقع پر یاد دلایا کہ یہ معاملہ پہلے بھی سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے ویزا استثنیٰ کے حوالے سے اٹھایا گیا تھا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ محسن نقوی نے اطالوی وزیر کو پاکستان میں غیر قانونی ہجرت روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات، ہوائی اڈوں اور سمندری حدود پر سخت نگرانی کے نتیجے میں غیر قانونی ہجرت میں کمی اور قانونی ہجرت کو فروغ دینے کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: صدر آصف علی زرداری کی کویت کے قومی دن اور ہالہ فروری کی تقریبات پر مبارکباد
اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستانی اداروں کی غیر قانونی ہجرت، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کامیابیوں کی تعریف کی اور مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم دہرایا۔
اس موقع پر پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مرکز گلوبل منصوبے کی افادیت سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستانی سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس اور دیگر سینیئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
یہ پیش رفت پاکستان اور اٹلی کے درمیان قانونی ہجرت، انسانی وسائل کے تبادلے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی سمت میں اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔







