یکم مئی 2026 کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محنت کش افراد کی شبانہ روز کاوشیں ہی زندگی کے نظام کو رواں رکھتی ہیں، یہی وہ طبقہ ہے جو خاموشی سے ملک کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے،مزدوروں کی قربانیاں اور خدمات قابلِ قدر ہیں اور وہ معاشرے میں سب سے زیادہ عزت اور اعتراف کے مستحق ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ہنرمند اور محنتی افراد نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرونِ ملک بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں،اوورسیز پاکستانی محنت کش دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان کی محنت سے حاصل ہونے والا زرمبادلہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ پالیسی کے تحت ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جس کا مقصد نوجوانوں اور مزدوروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند افراد کیلئے جدید تربیت، بین الاقوامی معیار کی سرٹیفیکیشن اور مختلف زبانوں کی تعلیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ عالمی منڈی میں مؤثر انداز میں اپنا مقام بنا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارے، جن میں ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ شامل ہیں، مزدوروں کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہیں، حکومت کا عزم ہے کہ مزدور طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: لوگوں کو کم لاگت پر اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیرِ اعظم

اپنے پیغام کے اختتام پر شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ یومِ مزدور کے موقع پر سب مل کر اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے، انہیں عزت دیں گے اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں گے جہاں ہر مزدور کو اس کی محنت کا پورا صلہ مل سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں مزدور طبقے کا کردار انتہائی اہم ہے اور اگر ان کی فلاح و بہبود پر مزید توجہ دی جائے تو ملک تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔