وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے ملاقات کی، جس میں ملک میں کم لاگت رہائشی منصوبوں، شہری سہولیات کی فراہمی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں جاری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو وزارت کی جانب سے جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عام شہریوں کو ذاتی گھر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اسکیموں پر کام جاری ہے، حکومت کم آمدنی والے طبقے کو رعایتی قرضوں کی فراہمی کے ذریعے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد دے رہی ہے۔
اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ منصوبوں میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے مستفید ہو سکیں،رہائش بنیادی ضرورت ہے اور حکومت اس شعبے میں عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی سے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی، کیونکہ اس شعبے سے متعدد صنعتیں وابستہ ہیں اور حکام کو ہدایت کی کہ نجی شعبے کے ساتھ مل کر ایسے ماڈلز تیار کیے جائیں جن سے کم لاگت گھروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: ہمارے سامنے انتخاب واضح ہے یا تو پانی پر تنازعات جاری رکھیں یا اگلی نسل کے لیے مضبوط قومی واٹر سکیورٹی آرکیٹیکچر تعمیر کریں، احسن اقبال
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر سستی رہائش کے منصوبوں کو وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ شہری علاقوں میں رہائشی مسائل کو کم کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں مزید منصوبے متعارف کرائے جائیں گے، جن کے تحت آسان شرائط پر قرضے اور جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی اسکیمیں فراہم کی جائیں گی۔







