محکمہ موسمیات کے مطابق پہلا زلزلہ 27 مارچ 2026 کو صبح 9 بج کر 40 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جس کی شدت 5.1 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی، جبکہ اس کا مرکز شمال مغربی کشمیر میں گلگت سے تقریباً 83 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد دوسرا زلزلہ صبح 9 بج کر 53 منٹ پر آیا، جس کی شدت 5.3 اور گہرائی 12 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کا مرکز بھی شمال مغربی کشمیر میں گلگت سے تقریباً 84 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔

دونوں زلزلوں کا مرکز گلگت کے قریب شمال مشرقی علاقے میں واقع تھا، جو جغرافیائی طور پر زلزلہ خیز خطہ تصور کیا جاتا ہے۔

جھٹکے گلگت، سکردو، پتن، بالاکوٹ اور قریبی علاقوں میں محسوس کیے گئے، جہاں لوگ خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ کئی افراد کھلے مقامات پر جمع ہو گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں، تاہم متعلقہ حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔