اقوام متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق سلطان عزیز عزام داعش خراسان کا ترجمان تھا اور اسی نے تنظیم کے میڈیا ونگ کی بنیاد رکھی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلطان عزیز عزام کو پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق سلطان عزیز عزام سے منسلک العزام فاؤنڈیشن داعش خراسان کی بھرتی اور پروپیگنڈا سرگرمیوں کی مرکزی تنظیم سمجھی جاتی تھی۔ سلطان عزیز عزام کی گرفتاری کے بعد داعش خراسان کی میڈیا سرگرمیاں مؤثر طور پر معطل ہو گئی ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی اس کارروائی سے داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کو عالمی سطح پر شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس کے نتیجے میں تنظیم کے متعدد دہشت گرد حملوں کے منصوبے ناکام بنائے گئے، کئی اہم کمانڈرز اور نظریاتی رہنما ہلاک کیے گئے, جب کہ تنظیم کے جنگجوؤں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے کی گئی یہ کارروائی خطے میں دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔