ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ دنوں میں مختلف میڈیا اداروں اور شہری حلقوں کی جانب سے پاکستان کے ممکنہ کردار سے متعلق متعدد سوالات اور تبصروں کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں، تاہم ان میں سے بیشتر معلومات حقائق پر مبنی نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حساس صورتحال میں کسی بھی قسم کی غیر تصدیق شدہ اطلاعات نہ صرف غلط فہمیوں کو جنم دے سکتی ہیں بلکہ سفارتی عمل کو بھی متاثر کر سکتی ہیں،بین الاقوامی سطح پر جاری سفارتی رابطوں اور ممکنہ مذاکراتی کوششوں میں رازداری بنیادی حیثیت رکھتی ہے، جسے ہر صورت برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات کو ہی بنیاد بنائے اور کسی بھی خبر کو نشر کرنے سے قبل اس کی تصدیق یقینی بنائے، سفارتکاری ایک نازک عمل ہے جس میں جلد بازی یا غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

ان  نے اپنے گزشتہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششوں میں مصروف ہے، تاہم ان اقدامات کی تفصیلات مناسب وقت پر ہی عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کرکٹ کے ہیرو تھے انہیں سیاسی ہیرو نہیں کہہ سکتا: سہیل احمد

انہوں نے میڈیا سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرے اور کسی بھی اہم پیش رفت یا فیصلے کے لیے سرکاری اعلان کا انتظار کرے، تاکہ عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچائی جا سکیں۔

واضع رہے کہ  خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث معلومات کا بہاؤ تیز ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے تاکہ افواہوں کے بجائے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو فروغ دیا جا سکے۔