آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مغربی سرحد پر موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے وانا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ دورے کے دوران انہیں سیکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہیں جاری آپریشن غضب للحق اور پاکستان افغانستان سرحد پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سید عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور جاری جھڑپوں کے دوران ان کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔
"پاکستان کیخلاف افغان سرزمین سے دہشت گردی ناقابل قبول ہے،" فیلڈ مارشل عاصم منیر
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) March 4, 2026
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ، آئی ایس پی آر#ARYNews #ISPR pic.twitter.com/1hUW9WjmGj
انہوں نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ان کے ثابت قدم عزم کو بھی سراہا۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ناقابلِ قبول ہے اور سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان امن صرف اسی صورت قائم ہو سکتا ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کر دیں۔
فیلڈ مارشل نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور پاکستان-افغانستان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، ہم آہنگی اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے بھی فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔






